بنگلورو۔21؍جون(ایس او نیوز/عبد الحلیم منصور) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج بتایاکہ یوگا کیلئے ذات پات یا مذہب کی ضرورت نہیں پڑتی ، تمام طبقات کے لوگ یوگا کرسکتے ہیں۔ جس کے پیش نظر ریاستی حکومت کے ذریعہ مرحلہ وار طور پر تعلیمی اداروں میں یوگا کو لازمی قرار دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ شہر میں منعقدہ عالمی یوم یوگا تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ تمام تعلیمی اداروں میں یوگا کا لزوم ضروری ہے، مگر اس کیلئے یوگا ٹیچروں کی قلت ہے۔ ان کی قلت دور کرنے کے بعد یوگا کے لزوم سے متعلق مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ دن کے 24گھنٹوں میں سے صرف ایک گھنٹہ یوگا کیلئے مختص کیا جائے تو پورا دن چستی کے ساتھ گذارا جاسکتا ہے، اور ذہنی سکون بھی حاصل ہوتاہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو آواز دی کہ وہ یوگا پر خصوصی توجہ دیں ۔ انہوں نے بتایاکہ معروف اداکار ڈاکٹر راجکمار کو یوگا تربیت فراہم کرنے والے ہونپا نائک ، 84 سال کی عمر میں بھی صحت مند ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ یوگا ہندوستان کی دین ہے۔ سدرامیا نے بتایاکہ گزشتہ دو برسوں سے وہ بھی یوگا کررہے ہیں جس کے سبب ذہنی سکون اور جسمانی چستی محسوس کررہے ہیں۔ جب بھی وہ بنگلور میں رہتے ہیں یوگا ٹیچر کی رہنمائی میں روزانہ ایک گھنٹہ یوگا کرتے ہیں۔ وزیر صحت وخاندانی بہبود یو ٹی قادر نے نئی نسل نشیلی چیزوں کی عادی بن گئی ہے۔ جس کے بعد بیمار یوں میں ملوث ہونا پڑتا ہے۔ ایسے میں نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ نشہ سے دور رہیں اور یوگا کی طرف خصوصی توجہ دیں۔ اس موقع پر مرکزی وزراء اننت کمار ،ڈی وی سدانند گوڈا ، ریاستی وزراء ٹی بی جئے چندرا، ڈی کے شیوکمار، کے جے جارج ، راجستھان کے رکن پارلیمان سی پی چودھری ، چیف سکریٹری اروند جادھو کے علاوہ بالی ووڈ اداکارہ بیپاشا باسو ، اور ہالی ووڈ اداکارہ اینرک موجود تھے۔